عوام پر روز بجلی اور پٹرول بم گر رہے :شہباز شریف،تحریک جاری رہے گی:فضل الرحمن

Nov 01, 2021


ڈیرہ غازی خان (بیورو رپورٹ‘ خبر نگار‘ سپیشل رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں اب اس ملک کو بچانا ہے۔ پاکستان کے حالات کو ٹھیک کرنا ہم سب کیلئے چیلنج ہے۔ آج کسان‘ ڈاکٹر اور وکیل  احتجاج پر ہیں۔ ملک کا نظام نیب کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ  آج کشمیریوں کا خون ہو رہا ہے پاکستان کی طرف سے کوئی آواز نہیں۔ عمران خان کو اس ایجنڈے کے تحت لایا گیا تھا کہ کشمیر بیچ دو۔ آج ہم نے کشمیریوں کو اکیلا چھوڑ دیا ہے۔ یہ عمران خان کا ایجنڈا تھا۔ آج چین ہم سے ناراض ہے‘ کیا یہ خارجہ پالیسی ہے؟۔ پورا ایشیا معاشی حالات سے ترقی کر رہا ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ کوئی کاروبار کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم امریکہ کو سب کچھ دے چکے ہو۔  ہم آپ کو پاکستان کیلئے ناسور سمجھتے ہیں۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر ہر روز بجلی اور پٹرول کے بم گرائے جا رہے ہیں۔ آج دن رات مہنگائی کی جا رہی ہے اور دن رات جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکومت کو بھگا کر دم لیں گے۔ اچھا وقت آنے والا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کا یہ سمندر گواہی دے رہا ہے کہ عمران نیازی کا وقت پورا ہو چکا۔ انہو ں نے کہا کہ کھاد کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ گھی کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا۔ حکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی۔ غریب گھرانہ ایک وقت کی روٹی نہیں پکا سکتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ تین سال میں 15 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا کونسا نیا منصوبہ شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ کون کہتا تھا کہ ہسپتالوں میں ادویہ نہ ملیں تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔  نوازشریف نے مفت ادویہ فراہم کیں۔ کون کہتا تھا کہ بجلی کا بل مہنگا ہو جائے تو حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے ۔ وزیراعظم کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ یہ شخص کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتا تھا کہ کرپشن ہو تو حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ نواز شریف نے رحیم یارخان  میں اعلیٰ یونیورسٹی بنائی۔ ہمارے دور میں غریب کسانوں میں اربوں روپے تقسیم کئے گئے۔ بیج اور ادویہ فراہم کیں۔ کسانوں کو گھر اور شمسی توانائی فراہم کی۔ اعلیٰ تعلیم اور لیپ ٹاپ نواز شریف کے دور میں ملے۔ جنوبی پنجاب میں دانش سکول نواز شریف کی قیادت میں  بنے۔ ہمارے دور میں چینی 52 روپے تھی آج 120 روپے کلو ہے۔ عمران خان رہے تو چینی 420 روپے کلو ہو جائیگی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب تک اس حکومت کو بھگا نہیں دینگے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وہی وقت واپس لائیں گے جب ادویات مفت ملتی تھیں اور چینی 52 روپے کلو تھی۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے کہتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں گھروں سے نکلیں۔

مزیدخبریں