لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج یونیورسٹی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف ریلجن اینڈ فلاسفی کے زیر اہتمام ’’روحانیت اور مذہب‘‘ کے موضوع پر منعقدہ چوتھی 2 روزہ بین الاقوامی آن لائن(ورچوئل) کانفرنس (2021- ICSR) گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی۔ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہورڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے بیشتر مذاہب کا مقصد اپنے پیروکاروں کو روحانی طور پر پاکیزگی اور انہیں غیر اخلاقی خواہشات اور سرگرمیوں سے دور رہنے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں ’’اسلام میں روحانیت کا سفر‘‘ کے موضوع پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام، یہودیت، بدھ مت اور عیسائیت میں موت کے بعد نہ ختم ہونے والی زندگی کاتصور ہے اور ان تمام مذاہب میں روح کی لافانیت پرکامل یقین ہے۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا منہاج یونیورسٹی ہمیشہ اپنے طلبہ میں تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ماضی میں بھی اس طرح کی علمی،تحقیقی اور فکری کانفرنسز کا انعقاد کرواتی رہی ہے۔ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف ریلجن اینڈ فلاسفی منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ہرمن روبورگ نے کانفرنس کے اختتامی سیشن میں کانفرنس کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اور روحانیت کا اصل مفہوم بنی نوع انسان کو اس کی مادی اور نفسانی خواہشات سے دور کرکے پاکیزگی فراہم کرنا اورکامل انسان بنانا ہے۔دو روزہ بین الاقوامی ورچوئل کانفرنس میں پاکستان سمیت آسٹریلیا،سری لنکا اور امریکہ سمیت مختلف ممالک کے ایک ہزار سے زائد محققین،ریسرچ سکالرز اور طلبہ نے بذریعہ (زوم) شرکت کی۔