امریکا نے  ہماری حکومت تسلیم نہ کی تو دنیا کیلئے مسائل ہونگے، ذبیح اللہ مجاہد

لاہور(نوائے وقت رپورٹ)طالبان نے امریکا اور دیگر ممالک سے افغانستان میں ان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے میں ناکامی اور بیرون ملک موجود افغان فنڈز کو مسلسل منجمد کرنے سے نہ صرف ملک بلکہ دنیا کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکا کے لیے ہمارا پیغام ہے، اگر عدم شناخت کا سلسلہ جارہی رہا یہ صرف خطے نہیں بلکہ دنیا کے لیے ایک مسئلہ بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان اور امریکا کے درمیان پچھلی مرتبہ جنگ کی وجہ یہ بھی تھی کہ دونوں کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں تھے۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ جن مسائل کی وجہ سے جنگ ہوئی، انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا تھا
، انہیں سیاسی سمجھوتے کے ذریعے بھی حل کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ تسلیم کرنا افغان عوام کا حق ہے۔اگرچہ کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا لیکن متعدد ممالک کے سینئر حکام نے کابل اور بیرون ملک تحریک کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔تازہ ترین دورہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ کا تھا جنہوں نے ہفتے کے روز کابل میں طالبان سے ملاقات کی۔ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ دونوں فریقین نے ترکمانستان،افغانستان،پاکستان،انڈیاگیس پائپ لائن پر تیزی سے عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل چین کے وزیر خارجہ نے رواں ہفتے کے شروع میں قطر میں طالبان حکام سے ملاقات کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن