ہرنائی کے تمام خاندانوں کو زلزلے کے بعد احساس امدادی نقد رقم کی ادائیگی کا آغاز

ہرنائی میں زلزلے سے متاثرہ تمام خاندانوں کو آج سے فوری امداد کے طور پر احساس امدادی نقد رقم کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 9 اکتوبر 2021 کو وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت نے ہرنائی کے تمام خاندانوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا، " ہرنائی کے ہر گھر میں  12,000 روپے احساس مالی معاونت  کے طور پرتقسیم کیے جائیں گے۔ ہرنائی میں تقریباً 18,000 گھرانے امدادی نقدی سے مستفید ہوں گے۔ شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، تمام ادائیگیاں بائیو میٹرک طور پر فعال احساس ادائیگی کے نظام کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بلوچستان کی صوبائی حکومت، مسلح افواج، احساس کی علاقائی ٹیم اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے احساس امدادی کیش کی آسان تقسیم کو یقینی بنانے میں تعاون فراہم کیا۔

گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے آج سہ پہر ہرنائی میں احساس ادائیگی کیمپ سائٹس کا دورہ کیا تاکہ متاثرین کو احساس کی جانب سے امدادی رقوم کی تقسیم کاآغازکیا جاسکے۔ انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا اوررقوم حاصل کرنے والے لوگوں سے ملاقات کی۔ ہرنائی میں گورنر بلوچستان کے ساتھ مسلح افواج کے سینئر افسران، کمشنر سبی ڈویژن، ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور احساس کے سینئر حکام بشمول ڈی جی بلوچستان اور ڈی جی کنڈیشنل کیش ٹرانسفرز بھی موجود تھے۔تینوں تحصیلوں شارگ، ہرنائی اور خوست میں ادائیگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ضلع بھر میں، سول ہسپتال شارگ، میونسپل کمیٹی آفس، سول ہسپتال، آر ایچ سی ہسپتال شارگ، پی ایم ڈی سی ریسٹ ہاؤس شارگ، لائیو سٹاک آفس ہرنائی اور سول ہسپتال خوست میں احساس ادائیگی کے سات کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سول ہسپتال ہرنائی اور RHC ہسپتال شارگ خصوصی طور پر خواتین کو ادائیگیاں کریں گے جبکہ مرد اور خواتین دونوں کو سول ہسپتال خوست سے ادائیگیاں کی جائیں گی۔ڈاکٹر ثانیہ  نشتر نے ہرنائی کے تمام رہائشی خاندانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ضلع  میں قریبی ادائیگی مراکز سے احساس کی امدادی رقم حاصل کریں۔احساس شاک ریسپانسیو رجسٹری کے تحت، ہرنائی کے متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے بعد رجسٹریشن ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ احساس کے باقاعدہ کیش ٹرانسفر پروگرام کے ذریعے مستحق گھرانوں کو مالی امداد کے لیے رجسٹر کیا جا سکے۔ہرنائی 7 اکتوبر 2021 کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بعد از تباہی کی امداد کی ابتدائی حد تک اندازہ لگانے کے لیے ڈاکٹر ثانیہ نے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر زلزلے کے فوری بعد ہرنائی کا دورہ کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن