جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی ایک ٹرین میں چاقو اور آتش گیر مواد کے حملے میں 17 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔مقامی میڈیا نے پیر کو پولیس کے حوالے سے بتایا کہ گرفتار مشتبہ ملزم نے تفتیش کاروں کو بیان دیا ہے کہ وہ "بیٹ مین" کے ولن کردار "جوکر" کو پسند کرتا ہے۔اتوار کی رات قتل کی کوشش کے شبہ میں جائے وقوعہ سے گرفتار ہونے والے 24 سالہ کیوٹا ہاٹوری کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا کہ وہ " لوگوں کو قتل کرنا اور سزائے موت دینا چاہتا تھا" اور وہ تقریبا جون کے مہینے سے سزائے موت دینے پر غور کر رہا تھا۔سوشل میڈیا پر جائے وقوعہ سے پوسٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ہاٹوری نے سبز قمیض اور جامنی رنگ کے سوٹ کے ساتھ جوکر جیسا لباس پہن رکھا ہے۔اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے شہر کے مرکزی علاقے کی طرف جانیوالی ایکسپریس ٹرین کا انتخاب کیا جس میں چند اسٹاپ ہیں کیونکہ اس میں عام طور پر مسافروں کا ہجوم ہوتا ہے۔ ملزم نے حملے میں کسی کو مارنے میں ناکامی پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔پولیس نے بتایا کہ واقعے سے تقریبا 2 گھنٹے قبل ہاٹوری نے ٹوکیو کے ضلع شیبویا کا دورہ کیا جو ہالووین منانے کیلئے کاسٹیوم پارٹیوں کا ایک مرکزی مقام ہے۔زخمیوں میں سے ایک 70 سالہ شخص ہاٹوری کی جانب سے سینے میں چاقو گھونپنے سے شدید زخمی ہوا ہے ،نوعمر سے لے کر60 سال تک عمر کے دیگر 16 متاثرین کو دھویں میں دم گھٹنے سمیت معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ہاٹوری نے مبینہ طور پر ہلکے سیال کا استعمال کرتے ہوئے ٹرین میں آگ لگائی جس سے پانچویں کیریج کا کچھ حصہ جل گیا ہے۔