2023سے پہلے ملک میں عام انتخابات نہیں ہونگے : گور نر پنجاب

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ 2023سے پہلے ملک میں عام انتخابات نہیں ہونگے۔سیاسی مخالفین حکومت کیخلاف منفی پر وپگنڈہ کر نے کے باوجودناکام ہونگے۔اتحادی جماعتیں اور عوام حکومت کیساتھ کھڑے ہیں اپوزیشن سے خطرہ نہیں۔ عمران خان بطور وزیر اعظم اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر یگی۔حکومت ملک میں محاذآرائی اور ٹکراؤ نہیں سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور پاکستان میں پہلی بار اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ گور نر ہاؤس لاہور میں مختلف اضلاع سے آنیوالے اراکین اسمبلی اور پارٹی وفو د سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے تمام تر دعوؤں کے باوجود تحر یک انصاف کی حکومت تین سال سے زائد کا عرصہ مکمل کر چکی ہے انشا اللہ باقی سال بھی گزار جائیں گے اور عام انتخابات2023میں ہی ہوں گے۔اُنہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے آئندہ حکومت کا انتخاب کر یگی۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے بھی حکومت کے خلاف احتجاج کر چکی ہیں مگر حکومت ان سے خوفزدہ نہیں ہوئی کیونکہ کوئی شک نہیں اپوزیشن جماعتیں خود تقسیم ہیں انکے پاس کوئی ویژن نہیں۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت ملک میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر کام کر رہی ہے او ر ہم بار بار اپوزیشن جماعتوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دیں مگر اپوزیشن نہ صرف انتخابی اصلاحات کے معاملے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے میں بھی اپوزیشن جماعتیں رکاوٹ بن رہی ہیں جو کسی صورت ملک وقوم اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے اورانشا اللہ دسمبر2021تک پنجاب کے ہر فرد کو انصاف صحت کارڈ کی سہولت بھی میسر آجائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1500فلٹر یشن پلانٹس پر کام جاری ہے۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت نے اپنی کامیاب حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی میدان میں مضبوطی کو تمام عالمی ادارے تسلیم کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے .

ای پیپر دی نیشن