خیبر پی کے وزیر تعلیم نے لانگ مارچ میں لائسنسی اسلحہ لے جانے کا اعلان کر دیا


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ میں لائسنس یافتہ اسلحہ لے جانے کا اعلان کر دیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں صوبائی وزیر نے  کہا کہ ہمارے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ ہے اور اپنی حفاظت کیلئے رکھیں گے۔ اگر حکومت نے غنڈہ گردی کی تو دفاع کا حق رکھتے ہیں۔ ہم پرامن رہیں گے اور امید رکھتے ہیں حکومت ہوش کے ناخن لے گی۔ 25 مئی کی تاریخ دہرائی تو نقصان انہی کا ہو گا۔ پشاور ڈویژن کو ہائی ٹارگٹس ملے ہیں، ہر رکن اسمبلی 1500 سے 2 ہزار افراد اپنے حلقے سے مارچ میں لیکر جائیں گے۔ اسلام آباد میں 4 روز کا  قیام ہو گا اور پھر ان کارکنوں کی جگہ نئے کارکن مارچ میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک وزیر سمیت بہت سے لوگوں کو بھی تھریٹس ملے ہیں۔ ہمارے ایک ایم پی اے کو دن دیہاڑے قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایم پی اے کے بھائی اور خاندان والوں کو شہید کیا گیا۔ ایسے لوگ جن کو خطرہ ہے وہ اپنے ساتھ لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر جائیں گے۔ ہم اپنے پاس کم سکیورٹی رکھتے ہیں‘ خان کی سکیورٹی بھی کوئی نہیں ہوتی۔
کامران بنگش

ای پیپر دی نیشن