آئندہ الیکشن میں ’’سٹیٹس کو‘‘ کیخلاف جہاد ہو گا: سراج الحق

Nov 01, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال ملکی تاریخ کے فیصلہ کن لمحات ہیں۔ 22کروڑ عوام کو غربت، بے روزگاری اور جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے سبھی عناصر ایکسپوز ہو گئے۔ ڈکٹیٹروں اور اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے قائم ہونے والی سیاسی جماعتوں کی حکومتوں نے معیشت تباہ کی، احتساب ختم اور قوم کو دنیا بھر میں بھکاری بنا کر پیش کیا۔ حکمران اشرافیہ نے اپنی نسلوں کے لیے مال بنایا اور عوام کو بنیادی ضروریات تک سے محروم رکھا۔ عوام فیصلہ کرے کہ انہیں اسی گھسے پٹے اور فرسودہ نظام کے ساتھ آگے بڑھنا ہے یا آئندہ نسلوں کے لیے روشن، مستحکم اور اسلامی پاکستان چاہیے۔ نوجوان سب سے زیادہ حالات سے باخبر ہیں، یقین ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے۔ مینار پاکستان تلے ہونے والے یوتھ لیڈر کنونشن سے واضح ہو گیا کہ نوجوان نسل سٹیٹس کو سے بیزار اور اسلامی انقلاب کے لیے پرعزم ہے۔ نوجوانوں کو منزل کے تعین کے لیے جمع کیا، اب ہمیں مل کر ثابت قدمی سے منزل کے حصول کے لیے جدوجہد میں تیزی لانا ہو گی۔ جماعت اسلامی سے وابستہ نوجوان یونین کونسل کی سطح پر خدمت کمیٹیاں تشکیل دیں، اسلامی پاکستان کا پیغام گھر گھر پہنچنا چاہیے، آئندہ الیکشن میں سٹیٹس کو کے خلاف جہاد ہو گا۔ وہ منصورہ میں یوتھ لیڈر شپ کنونشن کے کامیاب انعقاد پر انتظامی کمیٹیوں کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، راشد نسیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد، صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل، ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی اور انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کنونشن کے کامیاب انعقاد پر جے آئی یوتھ اور انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران کو مبارک باد دی اور ان کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ 
سراج الحق 

مزیدخبریں