عمران خان کا ارکان اسمبلی پر خریدوفروخت کا الزام درست نہیں :محمود بشیر ورک 

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ ن کے سینئر راہنماسابق وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک ایم این اے نے کہا ہے کہ عمران خان کا ارکان اسمبلی پر خریدوفروخت کا الزام درست نہیں انہیں آئینی و قانونی طریقے سے ہٹایا گیا، ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلنے کا موقع ملنا چاہیے،اداروںکے بارے میں کسی کو بھی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرنی چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ  عمران خان کی جانب سے سلامتی کے اداروں اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کوئی شخص دھونس اور دھاندلی سے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ نہیں کر سکتا انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے جسکا دیگر ممالک کو بھی سامنا ہے عوام مہنگائی کا    سارا ملبہ موجودہ حکومت پر ڈالنے کی بجائے سادگی اختیار کریں فالتو گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں نہ چلائیں اسی طرح بجلی بھی بچانے کی کوشش کی جانی چاہئیں، انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کو ضلع بنانے میں کوئی حرج نہیں لیکن اسے گوجرانوالہ سے الگ کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی پر تنقید کرنے والے ہمارے کام کو بھی تسلیم کریں ہم نے میڈیکل کالج، جناح فلائی اوور،راہوالی ڈگری کالج سمیت سڑکوں کے جال بچھانے میں اپنا کردار ادا کیا ، عوام یہ بھی دیکھیں کہ ہمارے بعد آنے والی حکومت نے گوجرانوالہ میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔

ای پیپر دی نیشن