اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )بیگم ثمینہ عارف علوی نے تمام شہریوں بالخصوص خواتین اور لڑکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلائیں کیونکہ اس مہلک مرض کا جلد پتہ لگانے سے لاکھوں قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے سینٹ جوزف کالج برائے خواتین میں پیر کو چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کا کینسراگرچہ ایک قابل علاج مرض ہے لیکن صرف آگاہی اور بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال لاکھوں جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال چھاتی کے کینسر کے تقریبا 90000 نئے کیسز کی تشخیص ہوتی ہے انہوں نے کالج کی طالبات پر زور دیا کہ ہر ایک کو اپنے سماجی حلقوں میں مہم کے پیغام کو فروغ دینے اور پھیلانے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ہر عورت کو مرض کا جلد پتہ لگانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے جس سے جان بچ سکتی ہے۔ انہوں نے سینٹ جوزف کالج برائے خواتین میں ایسی تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک باوقار تعلیمی ادارہ ہے جس نے 75 سالوں میں ہزاروں طلبہ کے کیریئر کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ قبل ازیں کالج کی پرنسپل سسٹر جولی پاچیکو نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بیگم ثمینہ عارف علوی کی صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں انسان دوست خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر سسٹر انجلینا فرانسس اور سسٹر جولی پاچیکو نے بیگم ثمینہ عارف علوی کو کالج کا سوینیئر بھی پیش کیا جبکہ طلبا نے اس موقع پر خصوصی طور پر تیار کیا گیا استقبالیہ گانا بھی پیش کی۔
بیگم ثمینہ علوی
چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلائی جائے: بیگم ثمینہ علوی
Nov 01, 2022