عشقِ رسول ایک فانی شخصیت کو دوام ، بقا عطا کرتا ہے:اشرف آصف جلالی  غازی علم دین شہید جیسے لوگ امت مسلمہ کے نوجوانوں کیلئے ایک آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں


لاہور (خصوصی نامہ نگار)مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں برصغیر پاک و ہند کے عظیم عاشقِ رسول حضرت غازی علم الدین شہید ؒکے یوم شہادت کے موقع پر آپ کے عرس کے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع کی صدارت سید محمد حامد عزیز شاہ نے کی اور تحریک صراط مستقیم کے رہبر ڈاکٹر محمداشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غازی علم دین شہید جیسے لوگ امت مسلمہ کے نوجوانوں کیلئے ایک آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ عشقِ رسول ایک فانی شخصیت کو دوام اور بقا عطا کرتا ہے۔ پاکستان ناموس مصطفی کی ایک خیرات ہے۔
 یہ غازی علم دین شہید کی تحریک کا اثر ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ اب عقیدہ ختم نبوت و ختم معصومیت کے تحفظ کیلئے بیدار ہو چکا ہے۔ غازی علم الدین شہید جیسے غازیانِ اسلام اسلامی تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ غازی علمؒ دین کے عظیم کردار نے برطانوی عہد میں بڑھتے گستاخانہ کلچر کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ اپنی ذات ثات اور سہولیات کو ناموسِ مصطفی پر قربان کر دینا یہ منتخب لوگوں کا کام ہے۔ قانونِ ناموسِ رسالت 295C غازی علم دین شہید جیسے غازیوں کے جذبے کا ترجمان ہے۔ ہم 295C میں کسی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے۔ اجتماع میں سید محمد ابراہیم شاہ، مفتی محمد الطاف جلالی، مفتی محمد تنویر باروی، مولانا محمد طیب جلالی، مولانا محمد احمد جلالی، مولانا محمدیاسر جلالی ودیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن