لاہور+گوجرانوالہ+نوشہرہ ورکاں (نیٹ نیوز +نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) کامونکی میں لانگ مارچ کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو پولیس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا، کیمرا توڑ دیا، وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا جس کے بعد پولیس افسر کو معطل کردیا گیا ہے۔ کامونکی میں کوریج کے لیے گاڑیاں اور کیمرے لگانے پر پولیس نے صحافیوں پر تشدد کیا، گالم گلوچ کی اور نجی ٹی وی چینل کا کیمرا توڑ دیا۔ پولیس کے دو درجن سے زائد اہل کاروں نے ایس پی کی نگرانی میں صحافیوں پر تشدد کیا‘ ایس پی کامونکی کا کہنا تھا کہ گاڑیاں ہٹائیں جب لانگ مارچ آئے گا آپ کو بتا دیں گے۔ واقعے کے بعد صحافیوں میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس کی مزید نفری پہنچ گئی۔ دریں اثنا واقعے کی فوٹیج سامنے آگئی، جس کے مطابق ایس ایچ او اور پولیس اہل کاروں نے کیمرا مین پر مکوں اور تھپڑوں سے تشدد کیا، وزیراعلی کی ہدایت پر تشدد میں ملوث ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا۔
کامونکی/ صحافی