اوٹاوا(اے پی پی)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دارالحکومت اوٹاوا میں ایرانی خواتین کے حق میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے دارالحکومت اوٹاوا میں مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے،آپ کے ساتھ مارچ کریں گے، آپ کا ہاتھ تھامیں گے ۔انہوں نے کینیڈا کی حکومت کی جانب سے ایرانی عہدیداروں پر عائد پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ اس موقع پر وزیراعظم ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ وہ مظاہرین کے ساتھ کھڑی ہیں کیونکہ اگر ایک خاتون کی بھی حق تلفی ہوتی ہے تو یہ تمام خواتین کی بےعزتی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کسی بہن کو بھی پیچھے نہیں چھوڑیں گے۔واضح رہے کہ کینیڈا کے دیگر شہر وینکوور، مونٹریال اور ٹورونٹو میں بھی مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں۔
کینیڈین وزیر اعظم شرکت
کینیڈین وزیراعظم کی مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے میں شرکت
Nov 01, 2022