سانحہ ماڈل ٹاﺅن‘ استغاثہ کی سماعت دوسرے جج کو منتقلی‘ عدالت نے دلائل طلب کر لئے

Nov 01, 2022


لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس ہائیکورٹ امیر بھٹی نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن استغاثہ کی سماعت دوسرے جج کو منتقل کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل کو مزید تیاری کر کے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جواد حامد کی درخواست پر سماعت کی جس میں چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے اس متفرق درخواست میں 12 فریق بنائے ہیں اور متعلقہ فریق شامل نہیں کئے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سر میں کیس کی ٹرانسفر کے لئے آیا ہوں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کیس کو پڑھ کر آئیں آپ نے بتانا ہے کہ کیس کیا ہے؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی متعلقہ دستاویزات لگا چکا ہوں، کیس کو پرسوں کے لئے رکھ دیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کسی بھی عدالت میں کیس ٹرانسفر کر دیں یہ نہیں کہتا فلاں جج کے پاس لگا دیں جس جج کی عدالت میں کیس ہے انہیں سابقہ حکومت نے تعینات کیا ہے پھر ان کو توسیع بھی دی گئی جس پر امیر بھٹی نے کہا کہ آپ غلط بات نہ کریں، اے ٹی سی کے جج کو حکومت نے نہیں چیف جسٹس ہائیکورٹ نے توسیع دی ہے۔
سانحہ ماڈل ٹاﺅن

مزیدخبریں