آئرش کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے،صدر 



اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئرش کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے جو پاکستان کے منافع بخش غیر ملکی سرمایہ کاری کے نظام سے استفادہ کر سکتی ہیں ۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار آئرلینڈ میں پاکستان کی نامزد سفیر عائشہ فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ نامزد سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ آئرلینڈ میں آئی ٹی ہنر مند نوجوانوں اور اسٹارٹ اپس کے لیے آن لائن ملازمتیں حاصل کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ یورپ میں زیادہ سے زیادہ آئی ٹی کمپنیاں اپنا ہیڈ کوارٹر آئرلینڈ منتقل کر رہی ہیں جو "یورپ کی سیلیکون ویلی" ہے ۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ آئرلینڈ کے لیے نامزد سفیر پاکستان کی آئرلینڈ کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور بامقصد اقدامات کر کے باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے لیے کام کریں گی جس میں دو طرفہ روابط میں اضافہ، پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ،  پاکستان کے آئی ٹی ہنر مند نوجوانوں کے لیے آن لائن ملازمت کے مواقع پیدا کرنا، پارلیمانی تبادلوں کو بڑھانا، عوامی سطح کے رابطوں میں اضافہ اور زراعت اور لائیو سٹاک میں بہتر تعاون حاصل کرنا شامل ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوانٹم کمپیوٹنگ کے تحقیقی پروگراموں میں ایک فعال شراکت دار بننے پر توجہ دینی چاہیے۔  
عارف علوی 

ای پیپر دی نیشن