کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے لیاری میں واقع نجی اسکول میں گیس کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے متعدد بچے بے ہوش ہو گئے۔ایدھی ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی کے تارا بھائی کریم جی روڈ کے قریب واقع ایچ ایم کے پبلک اسکول میں گیس کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے متعدد بچے بے ہوش ہو گئے۔ایدھی ایمبولینسوں کی مدد سے گیس سے متاثرہ بچوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ادھر ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رفیعہ جاوید نے کہا ہے کہ مذکورہ اسکول پر واقعے کی وجہ سے محکمہ تعلیم کی جانب سے جرمانہ کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز نے کہا کہ بچے جنریٹر کے دھویں سے نیم بے ہوش ہوئے، ان بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔انہوںنے کہا کہ اسکول غیر رجسٹرڈ چل رہا تھا، ابھی معلوم ہوا ہے کہ یہ کمیونٹی اسکول ہے جہاں غریب بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے، واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔دوسری جانب علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اسکول میں رکھے جنریٹر سے دھواں نکلنے کے باعث پیش آیا۔اسپتال حکام کے مطابق 14 بچے بے ہوش ہوئے تھے جن میں سے اب 10 کی حالت بہتر ہے، 4 بچوں کو ابھی انڈر آبزرویشن رکھا گیا ہے۔
لیاری اسکول گیس اخراج