لاہور ( سپورٹس رپورٹر) بوم بوم آفریدی کپتان بابر اعظم کے حق میں بول پڑے،پاکستان کے سابق کپتان اور سٹار آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم کو اس وقت سپورٹ کی ضرورت ہے،دوسے تین میچز آپ کو برا کھلاڑی نہیں بناتے، بابر اعظم ہمارے ایک بہترین کھلاڑی ہیں،انہیں اپنی فارم میں واپس آنے کے لیے ہماری سپورٹ کی ضرورت ہے، بابر جلد ہی ایک بڑی میچ وننگ اننگز کے ساتھ واپس لوٹیں گے،شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم ایک ایسا کھلاڑی ہے جو شروعات سے ہی پاکستان ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ورلڈکپ سے قبل پاکستان ٹیم نے جتنی کرکٹ کھیلی ہمیں یقین ہوتا تھا کہ بابر اگر میدان میں اترا ہے تو ٹیم کے لیے اچھا اسکور بناکر لوٹے گا،مجھے حیرت ہے کہ ایک ایسا کھلاڑی جو مستقل اچھی پرفارمنس دے رہا ہے وہ اگر ایک سیریز میں نہیں پرفارم کرپاتا تو اس پر اتنی تنقید کیوں کی جارہی ہے، یہ میرے لیے افسوسناک بات ہے، میں ماضی میں بھی محمد رضوان کی بری پرفارمنس پر ان کی حمایت میں کھڑا رہا، کیوں کہ مجھے پتا ہے کہ رضوان باصلاحیت کھلاڑی ہے،انہوں نے اوپنر کے حوالے سے کہا کہ رضوان ، بابر اور فخر زمان ہماری ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی جیسے ہیں، ان کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جائے، بابر اعظم جیسے کھلاڑی جو نمبر 1 اور نمبر 2 پر رہ چکے ہیں ان پر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید میرے لیے افسوس کی بات ہے،شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر کو سپورٹ کی ضرورت ہے، ورلڈکپ ابھی باقی ہے کیا پتا اگلے میچز میں بابر اعظم 100 رنز اسکور کردے تو پھر آپ کس منہ سے بابر کی تعریف کروگے، بابر اعظم ایک ایسا کھلاڑی ہے جو مستقل انداز سے پاکستان کے لیے پرفارم کررہا ہے۔
بابر اعظم کو سپورٹ کی ضرورت، شاہد آفریدی حمایت میں سامنے آگئے
Nov 01, 2022