ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام 9 فروری 2024 سے شیخ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہوگا۔ ابوظہبی میڈیا آفس نے رپورٹ میں بتایا کہ ایئرپورٹ کے 'ٹرمینل اے' کی افتتاحی تقریب کے موقع پر یعنی 9 فروری 2024 سے ایئرپورٹ کا نیا نام نافذ العمل ہوگا۔ولی عہد ابوظہبی اور ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد نے ایئرپورٹ کے ٹرمینل اے کا دورہ کیا۔ واضح رہے ٹرمینل اے کا آپریشنل افتتاح یکم نومبر 2023 کو ہونا ہے۔ٹرمینل اے 742000 مربع میٹر پر محیط ہے اور سالانہ 45 ملین مسافروں کی آمد و رفت کی گنجائش رکھتا ہے۔ نیز بیک وقت 79 طیارے ایئرپورٹ پر موجود ہوسکتے ہیں۔ٹرمینل اے کے افتتاح سے قبل 8 ہزار سے زائد رضاکاروں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔