جمعہ کو بڑا قل شریف، خصوصی دعا، قوالی، لنگر، تبرک تقسیم ہوگا
سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی
سجادہ نشین درگاہ حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاءبرادر محترم دیوان سید طاہر نظامی نے نئی دہلی سے فون پر 720ویں عرس مبارک کی پانچ روزہ تقریبات کے حوالے سے نوائے وقت میگزین کو بتایا کہ یکم سے پانچ نومبر تک یہ تقریبات جاری رہیں گی۔ یکم نومبر بدھ شام چھ بجے تلاوت قرآن پاک اور فاتحہ شریف سے عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگا، بعدازاں محفل سماع، لنگر اور تبرک تقسیم ہوگا، جمعرات دو نومبر کو رات آٹھ بجے تلاوت قرآن پاک، روضہ مبارک پر خصوصی دعا، لنگر اور تبرک کی تقسیم ہوگی، جمعہ تین نومبر صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن پاک بڑا قل شریف، خصوصی دعا، قوالی، لنگر اور تبرک تقسیم ہوگا۔ رات دس بجے تمام رات قوالی کی محفل جاری رہے گی، ہفتہ چار نومبر صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن پاک، قل شریف اور دنیا بھر میں مخلوق خدا کے لئے امن اور خوشحالی کے لئے دعا، قوالی، لنگر اور تبرک تقسیم ہوگا، جبکہ اتوار پانچ نومبر کو اختتامی تقریب صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوگی، قل شریف، دعا، قوالی، لنگر اور تبرک کی تقسیم، شام چھ بجے اختتام ہوگا، بعدازاں ماہانہ فاتحہ حضرت علی المرتضیٰ شیر خداؓ منعقد ہوگی۔
دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ تمام درگاہ شریف کی سجاوٹ شروع ہوگئی ہے، زیادہ تر تازہ پھول، آرٹیفشل پتیاں، رنگ برنگی لائٹس لگائی جاتی ہیں۔ درگاہ شریف کی رونق عرس سے قبل ہی بڑھنا شروع ہو جاتی ہے۔102 پاکستانی زائرین بھی عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے نئی دہلی پہنچ چکے ہیں جو درگاہ شریف پر چادر پیش کریں گی، دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ وہ پاکستانی زائرین کے وفد کی دستار بندی کریں گے جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی سفیر بھی چادر پیش کرتے ہیں جن کی وہ دستار بندی کرتے ہیں، اس موقع پر دونوں ملکوں میں امن، خوشحالی، بھائی چارے کے لئے خصوصی دعا مانگی جاتی ہیں۔
پاکستانی زائرین اور سفیر کی دستار بندی کی جائے گی
Nov 01, 2023