عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں: حریت کانفرنس

Nov 01, 2023

سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کولگام اور کپواڑہ میں حال ہی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا اور وادی کشمیرمیں گھروں چھاپوں کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہدائ کی قربانیاں ہرگزرائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور غیر قانونی قبضے کے خلاف متحد ہو جائیں۔انہوں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی کے علاوہ امریکہ اور چین سمیت عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیریوں سے انکی منفرد شناخت اور حیثیت چھین لی ہے۔ جموں میں سول سوسائٹی کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جموں کے لوگوں کا اعتماد کھو دیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی و جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا ہے کہ قطر کی طرف سے بھارتی بحریہ کے 8سابق فوجیوں کو جاسوسی کے الزام میں موت کی سزا سنانا اسرائیل سے اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ پر بھارت کے موقف کا نتیجہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی و نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال مودی کے زیر قیادت بھارتی حکومت کے دعوﺅں کے برعکس بالکل بھی نارمل نہیں ہے۔ اگر مقبوضہ علاقے کی صورتحال معمول کے مطابق ہوتی تو جموںوکشمیرمیں اب تک انتخابات ہو چکے ہوتے۔ 

مزیدخبریں