اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی‘ جس میں دوطرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے امریکہ میں نقل مکانی یا دوبارہ آباد کاری کے اہل افغان شہریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے میں دونوں مماللک کے باہمی مفاد پر روشنی ڈالی۔ افغانوں کے لئے مناسب سکریننگ میکانزم قائم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں جائز دعوے کرنے والے افراد کو نقصان نہ پہنچے۔ ادھر سرفراز احمد بگٹی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پرامن شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانا نگران حکومت کی ترجیح ہے۔ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمشن کو ہرممکن تعاون فراہم کریں گے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں کردار قابل تعریف ہے۔ نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات میں باہمی تعلقات پر بات چیت ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نگران وزیر خزانہ سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور روابط پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی و اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف سیکٹرز میں باہمی اشتراک سے متعلق امور بھی ملاقات میں زیر بحث آئے۔اسلام آباد سے خبرنگارخصوصی کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایڈمنسٹریٹر یو ایس ایڈ نے وزیر خارجہ کو پاکستان میں یو ایس ایڈ کے کام خاص طور پر موسمیاتی مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لئے محفوظ راستہ کی ضرورت پر زور دیا۔ یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر نے حکومت پاکستان کی طرف سے امریکہ جانے والے افغانوں کی مدد کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر کی وزراءسے ملاقاتیں: افغانوں کی نقل مکانی پر تبادلہ خیال
Nov 01, 2023