تربت ، اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) تربت میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع تربت کے نواحی علاقے ناصر آباد میںمنگل کی صبح 4 بجے کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 4 غیر مقامی مزدور جان سے چلے گئے جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں جاں بحق مزدوروں کا تعلق مظفر گڑھ تھا اور زخمی شخص کا تعلق ڈی جی خان سے ہے، جبکہ پولیس اہلکار کا تعلق تربت سے ہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے تربت میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مزدوروں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو وزیر داخلہ سرفرا احمد بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالی ہمارے شہداکے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر معصوم مزدوروں کو نشانہ بنایا،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔دہشت گردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا ،اب بھی پوری قوت سے اس کا قلع قمع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک پر موجود ایک ایک دہشت گرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے۔