حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سندس ارشاد نے علی الصبح سبزی منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل قیمتوں ،کوالٹی اور سپلائی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر تے ہوئے صفائی ستھرائی ، نکاسی آب کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امتیاز علی بیگ ،جنرل اسسٹنٹ ریونیو صغیر احمد باجوہ ، سی او ایم سی انصر ساہی اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنرنے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام آڑھتیوں اور دیگر پھل فروشوں کو ہدایت کی جائے کہ روزانہ کیلئے جاری کردہ ریٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر ایم سی امتیا ز علی بیگ کے ہمراہ کولوروڈ، محلہ ڈھاب والا، ڈاکخانہ روڈ، کچہری بازاراور گوجرانوالہ روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کر تے ہوئے وہاں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا ۔دریں اثناڈپٹی کمشنر سند س ارشا د کاکہنا تھا کہ سموگ کی روک تھام ، فصلوں کی باقیات جلانے والوں ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں ،بھٹوں اور فیکٹری مالکان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ،خلاف ورزی کرنے والوں کو مجموعی طو ر پر 36لاکھ چالیس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
حافظ آباد :ڈپٹی کمشنرکاعلی الصبح سبزی منڈی کا دورہ، نیلامی کا جائزہ لیا
Nov 01, 2023