پاک فوج کے زیراہتمام 76 ویں یوم آزادی گلگت بلتستان کی پروقار تقریب

Nov 01, 2023 | 18:41

ویب ڈیسک

گلگت بلتستان:  پاک فوج کے زیراہتمام 76 واں یوم آزادی گلگت بلتستان آرمی ہیلی پیڈ پر نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔شاندار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر راولپنڈی کور جبکہ گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ، وزیراعلیٰ جی بی حاجی گلبرخان اور کمانڈر ایف سی این اے اور دیگر حکومتی اور سول حکام نے شرکت کی۔مہمان خصوصی کمانڈر راولپنڈی کور نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور بہادر فوجیوں نے جنگ آزادی گلگت بلتستان کے بعد ہی وطن عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع میں ناقابل فراموش کارنامے سرانجام دیئے. ملک کی مضبوطی اور استحکام کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نہ صرف مملکت پاکستان کی بقا و استحکام کیلئے جرأت اور بہادری کی تاریخ رقم کی بلکہ جموں و کشمیر کے محروم و محکوم مسلمانوں کی آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد کیلئے بھی مساوی قربانیاں دی ہیں۔تقریب میں پاک فوج، این ایل آئی سینٹر، جی بی سکاؤٹس، ویمن پولیس، جی بی پولیس، پنجاب رینجرز، ایس سی او، کیڈٹ کالج سکردو اور کیڈٹ کالج چلاس کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا، تقریب میں آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے ہیلی فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ دکھا کر عوام سے خوب داد وصول کی۔اس کے علاوہ فری فال جمپنگ بھی اس شاندار تقریب کا حصہ رہی. اس کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان بھر سے آئے ہوئے سکول و کالجز کے بچوں نے مختلف ملی اور علاقائی نغمے اور ثقافتی رقص بھی پیش کئے، مقامی لوگوں نے پاک آرمی کا دل سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یکم نومبر کا دن پورے جی بی میں شاندار انداز سے منایا گیا۔

مزیدخبریں