ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر رائو نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منڈی فیض آباد کے نواحی دیہات کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان شبیر ، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ ، یو سی ایم اوز سمیت دیگر افسر بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف دیہات میں گھر گھر جا کر بچوں کے ہاتھوں پر پولیو ٹیموں کی جانب سے لگائے جانے والے نشانات اور گھرانہ نمبرز کا بغور جائزہ لیا۔ شہریوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے کہا کہ یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسر پولیو ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ضلع میں جاری پولیو مہم کے دوران 02 لاکھ 88 ہزار 8 سو بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہے۔