قصور (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور /چیئر مین ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈ ی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ مریم شریف، فارماسسٹ ڈاکٹر عبدالحسیب خاں نیازی، ڈرگ کنٹرولر خلیل احمد‘ڈرگ انسپکٹر چونیاں لائیق الرحمن خان‘ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر پتوکی بلال یٰسین‘ ڈرگ انسپکٹر کوٹ رادھاکشن محمد اسلم اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر غیر قانونی طور پر چلائے جانیوالے 12 میڈیکل سٹورز اور کلینکس کے کیسوں کی سماعت ہوئی۔ تمام کیسوں کا جائزہ لیکر4میڈیکل سٹوروں /کلینکس کے کیس مزید کاروائی کیلئے ڈرگ کورٹ بھیجنے،6کو وارننگ دی گئی‘1کیس کو دوبارہ وزٹ کرنے جبکہ 1کیس کا فیصلہ آئندہ میٹنگ میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان نے ہدایت کی کہ ضلع میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کی مکمل روک تھام کیلئے ڈرگ انسپکٹرز مزید متحرک ہو کر کام کریں۔