لاہور(سپورٹس رپورٹر )بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سابق صدر نظم الحسن سمیت اپنے 11 ڈائریکٹر ز کی رکنیت منسوخ کر دی۔ ڈائریکٹر ز کی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ میرپور میں شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے متعدد فیصلے کئے گئے۔ بی سی بی کے 15ویں بورڈ اجلاس میں سابق صدر نظم الحسن سمیت 11 بورڈ ڈائریکٹرز کی ڈائریکٹر شپ منسوخ کر دی گئی۔بورڈ نے ڈائریکٹرز اے ایم نعیم الرحمن دورجوئے، خالد محمود اور محمد عنایت حسین سراج کے استعفے منظور کر لئے۔ بی سی بی کے آئین کے مطابق تین یا اس سے زیادہ اجلاسوں سے مسلسل غیر حاضری کے آٹھ ڈائریکٹرز کی بورڈ کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے جن میں نظم الحسن، منظور قادر، اے جے ایم ناصر الدین، شیخ سہیل، ایڈووکیٹ انوار الاسلام، شفیع عالم چودھری نادیل، محمد اسماعیل حیدر ملک، تنویر احمد ٹیٹو، عبید راشد نظام، غازی غلام مرتضیٰ اور نجیب احمد شامل ہیں۔بورڈ نے آئینی ترمیمی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کمیٹی کی سربراہی بی سی بی کے ڈائریکٹر نظم العبیدین فہیم کنوینر کے طور پر کریں گے۔