دورہ آسٹریلیا: قومی کرکٹرز کی میلبورن میں نیٹ پریکٹس

Nov 01, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی سیریز کی تیاری کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں نے میلبورن میں نیٹ پریکٹس کی ہے ۔کھلاڑیوں نے بیٹنگ ، بائولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ بابر اعظم ، حارث رئوف ، شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ ، عرفان خان ، فیصل اکرم اور محمد حسنین نے پریکٹس میں حصہ لیا ۔ آسٹریلیا پہنچنے والے کھلاڑیوں کے دوسرے گروپ نے گزشتہ روز آرام کیا ۔پاکستانی قومی سکواڈ کے تمام کھلاڑی آج بھی میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں بھرپورپریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 4نومبر کو کھیلا جائیگا۔ کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعز م ہیں ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹونٹی سکواڈ کے 6 کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 2 نومبر سے کراچی میں شروع ہو گا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے اعلان کردہ پاکستان کے ٹی ٹونٹی سکواڈ کے 6 ارکان 2 سے 6 نومبر تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں منعقدہ کیمپ میں حصہ لیں گے۔میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 14 سے 18 نومبر تک کھیلی جائیگی۔کیمپ میں شریک کھلاڑی جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور عثمان خان آج شام کراچی میں جمع ہوں گے۔کوچ سعید بن ناصر 5 روزہ کیمپ کی نگرانی کریں گے جہاں کھلاڑی تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے۔۔ کیمپ کے اختتام پر کھلاڑی 10 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہونے سے قبل اپنے شہروں کو روانہ ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں