لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے تبلیغی اجتماع رائیونڈ کی سکیورٹی کیلئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔تبلیغی اجتماع کی سکیورٹی کیلئے3ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔شرکاء کی رہنمائی کیلئے پنڈال میں 15 مقامات پرپولیس کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔پنڈال میں داخلے کیلئے6داخلی راستے مختص کئے گئے ہیں۔14مقامات پرناکے لگائے گئے ہیں اور40واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے گئے ہیں۔175سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع کیلئے بھر پور سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے والینٹیئرزکی مدد سے شرکاء کی تلاشی کویقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ اجتماع میں آنے والے ہر شخص کی بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے تصدیق کے عمل کو یقینی بنایا جائیگا۔ افسران و جوان الرٹ ہو کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں۔