لاہور ( خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن علماء کونسل کے 37ویں یومِ تاسیس کی تقریب میںکہا علم اللہ تعالیٰ کی معرفت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ علم کے حصول کا مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہیے۔علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ علم کے ابلاغ میں مصروف رہیں اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے رہیں۔ صوفی کی مثال زمین جیسی ہے، زمین ہر شخص کو برداشت کرتی ہے، سب کو جگہ دیتی ہے اور جب کوئی دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو اسے اپنے سینے میں سمو لیتی ہے۔ صوفی کا دل زمین کی طرح وسیع ہوتا ہے، جتنا اسے کھودا جائے، اتنی ہی وسعت پیدا ہوتی ہے۔ ایک صوفی منش عالم اپنے دل میں قبولیت کی گنجائش رکھتا ہے اور اپنے دل میں سب کیلئے وسعت رکھتا ہے جبکہ عالم ربانی کی مثال سمندر جیسی ہے جو علم کا وسیع خزانہ رکھتا ہے مگر خاموش رہتا ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے علم و تدریس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علمائے کرام کو تاکید کی کہ وہ علم اور تدریس کے منصب کو احسن طریقے سے نبھائیں۔
علم اللہ تعالیٰ کی معرفت کے حصول کا ذریعہ ہے:حسن محی الدین
Nov 01, 2024