پنجاب یونیورسٹی :انسٹرومینٹل موسیقی پر بین الاقوامی سیمینار،طلبہ کو معلومات فراہم  

Nov 01, 2024

لاہور(لیڈی رپورٹ) پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ گرافک ڈیزائن، کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام انسٹرومینٹل موسیقی پر لیکچرر عارفین زیدی کی زیر نگرانی اور چیئرمین پروفیسر احمد بلال کی سربراہی میں ایک بین الاقوامی سیمینار منعقد کروایا گیا جس میں قومی اور بین الاقوامی فنکاروں نے اپنے ساز اور موسیقی کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور اس فن کے حوالے سے کئی نئی جہتوں سے متعارف کروایا۔ طلبہ کیلئے ڈیزائن اور موسیقی کے مابین ربط پر روشنی ڈالی گئی۔ نئے مضامین جیسے اینیمیشن ، گیم ڈیزائن یا سوشل میڈیا مارکیٹنگ کیلئے موسیقی کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ مہمانِ خصوصی کالج آف آرٹ  کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سمینہ نسیم نے سیمینار کے انسٹرکٹرز اور گرافک ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ کو ایک بامقصد سیمینار کروانے پر مبارکباد دی۔ فیکلٹی سے حبیب عالم، اور فنکاروں میں وجیہ نظامی (ستار نواز)، عرفان خان (طبلا نواز) اور نیدرلینڈز سے ایوا اوکیس (گٹار نواز) اور مینویل وائسر (وائلن نواز) شامل تھے۔ 

مزیدخبریں