لاہور(نیوز رپورٹر) جبر و تشدد کے ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کے سابق وزیر مملکت اور بانی جاگو تحریک قیوم نظامی نے کہا بھارت کی فاشسٹ حکومت جبر و تشدد کے ہتھکنڈے اور حربے استعمال کر کے مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتی۔ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو فوج کشی کر کے کشمیر پر ناجائز غاصبانہ قبضہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد منظور کر کے بھارتی قبضے کو مسترد کر دیا تھا جسے گجرات میں 2 ہزار سے زیادہ مسلمانوں کے قاتل مودی نے آئین کے آرٹیکل نمبر تین 370 اور 35 کو حذف کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ایک بار پھر پامال کر دیا۔ قیوم نظامی نے پاکستان اور عالمی رائے عامہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کیلئے توانا آواز بلند کریں۔قیوم نظامی نے ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہیلے کالج آف بینکنگ اینڈ فائنانس میں کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے منعقد ہونیوالی ایک تقریب میں کیا جس میں کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواجہ وحید پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد ڈاکٹر تہمینہ فیاض اور ڈاکٹر فرح ناز نقوی نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے اختتام پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف احتجاجی اور مذمتی واک بھی کی گئی۔
جبر و تشدد کے ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا:قیوم نظامی
Nov 01, 2024