سموگ: پنجاب میں فصل باقیات، کوڑا، ٹائر جلانے، غیر معیاری ایندھن پر پابندی

Nov 01, 2024

لاہور (خبر نگار+ این این آئی) پنجاب بھر میں انسداد سموگ کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائر جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ سموگ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے  سموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد سموگ کے لئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی ہو گی، سالڈ ویسٹ، کوڑا کرکٹ، شاپنگ بیگز، ٹائر اور پلاسٹک جلانے پر پابندی ہو گی، غیرمعیاری ایندھن کی فروخت اور استعمال پر بھی پابندی ہو گی، ٹریفک رکاوٹ کا باعث بننے والی پارکنگز کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پانی کے بغیر سٹون کرشرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ڈی سیز سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔ گرین رنگ لاک ڈائون و انسداد سموگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ و ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد نے انسداد سموگ و گرین رنگ لاک ڈائون ایکشنز بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے شملہ پہاڑی ایریا میں اوپن باربی کیو و فوڈ پوائنٹس کو سختی سے چیک کیا جائے گا، نوٹیفکیشن کے تحت ایریا میں بار بی کیو و فوڈ پوائنٹس رات 8 بجے بند ہوں گے، گرین رنگ لاک ڈائون شملہ پہاڑی ایریا میں چنگ چی رکشہ کا داخلہ صفر سطح پر لے آئے ہیں، نادرا آفس شملہ پہاڑی کے باہر پارکنگ ایریا کو بی بی پاکدامن کے قریب منتقل کر دیا گیا، شملہ پہاڑی ایریا میں آنے والی تمام سرکاری و نجی ٹرانسپورٹ بسز کو فٹنس سے مشروط کر دیا گیا ہے، گرین رنگ لاک ڈائون شملہ پہاڑی ایریا میں ویٹ سویپنگ شروع کردی گئی ہے۔ دوسری طرف سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں تعلیمی اداروں کو 3 روز جمعہ، ہفتہ، اتوار چھٹی دینے اور اوقات کار میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ترجمان ادارہ تحفظ ماحولیات کے مطابق فیصلہ نومبر کے پہلے ہفتے میں ہونے والے سموگ اجلاس میں جائزہ لینے کے بعد ہوگا۔ 

مزیدخبریں