بیروت (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقوں میں راکٹ فائر کئے۔ عرب میڈیا کے مطابق راکٹ حملوں میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ شمالی علاقوں میں راکٹ حملوں میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیل کے شمال مغربی شہر حیفا پر راکٹ حملوں میں دو اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔ راکٹ لبنان سے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر فائر کئے گئے تھے ۔ اسرائیل کو فوجیوں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق قدامت پسند اسرائیلیوں نے فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کر دیا۔ اسرائیلی فوجی بھرتی مرکز کے قریب فوج میں شمولیت سے انکاری قدامت پسند اسرائیلیوں اور پولیس میں تصادم ہوا۔ اسرائیل کا انتہائی قدامت پسند فرقہ اسرائیل کی لازمی فوجی ڈیوٹی کو غیر مذہبی قرار دیتا ہے۔ قدامت پسند یہودیوں نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مر جائیں گے مگر اسرائیلی فوج میں شامل نہیں ہوں گے۔ اسرائیل میں ہر شہری کو دو سے تین سال فوجی ڈیوٹی لازماً دینی ہوتی ہے۔ دریں اثناء قابض فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقے بقاع کے قصبوں یحمو، بدنائیل اور بیت صلیبی‘ پر کیے گئے تین حملوں میں27 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ سحمر پر قابض فوج کے حملوں میں 11 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے جبکہ بدنائیل پر بمباری میں نو افراد شہید ہوگئے۔ بیت صلیبی پر ایک مکان پر بمباری میں سات افراد شہید ہوئے۔