لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ وہ وقت بھی جلدآئے گا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ اور پاکستان کا وزیراعظم جیالا ہوگا، ہم ادارے کھڑے کرنے والے لوگ ہیں مگر جو ہماری فلیکسز اتار کر ہمارے ساتھ ہوا وہ ناقابل قبول ہے۔ وہ چیئرنگ کراس مال روڈ پر پیپلز پارٹی کی طرف سے 26ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے پاس ہونے کی خوشی میں منائے جانے والے جشن پارلیمانی بالادستی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ثمینہ خالد گھرکی،فیصل میر،چودھری اسلم گل، حاجی عزیز الرحمن چن، امجد جٹ، آصف ناگرہ، چودھری عاطف رفیق، زاہد ذوالفقار، ایڈون سہوترا، سمیت پارٹی کے سینکڑوں کارکن اور جیالے موجود تھے۔ پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ آج جشن کا دن ہے،، یہ چھبیسویں آئینی ترمیم کی کامیابی کی خوشی ہے۔ خطاب کرتے ہوئے چودھری اسلم گل اور عثمان ملک نے کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں ہونے والی عدالتی اصلاحات کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت اور پارلیمان پھلے پھولے گی۔ فیصل میر نے کہا مریم نواز سے گزارش کروں گا جمہوری قدروں کا کچھ تو خیال کریں، جنرل ضیاء الحق کو پیپلز پارٹی کا پرچم نظر آتا تو اتروا دیتا تھا، مریم نواز آ پ کا تو یہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ اور پی ایس ایف کا کنونشن روکنے کی بھی کوشش کی، جہاں آرا وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو غیر قانونی پھانسی دی۔ تقریب سے پی ایس ایف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سبط حسن نے بھی خطاب کیا۔
26 ویں آئینی ترمیم کی خوشی میں جشن، فلیکسیں اتارنا ناقابل قبول: حسن مرتضیٰ
Nov 01, 2024