عسکری ٹاور کیس 7 نومبر، جناح ہاؤس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی 

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں 9 مئی جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیرائو سمیت چار مقدمات کا جیل ٹرائل ہوا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔ عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس ٹرائل کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر عسکری  ٹاور حملہ کیس مین ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم  کی جائیں گی۔  تفتیشی افسر چالان کی نقول تیار کرکے آئندہ سماعت پر پیش ہو۔ عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے  پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز برضمانت ملزمان حاضری کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں پیش ہوئے۔ سابق وزیر خزانہ کی بیٹی خدیجہ شاہ  اور  روبینہ جمیل  حاضری کیلئے پیش ہوئی۔ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید حاضری کیلئے پیش ہوئی۔ سابق ایم اے عالیہ حمزہ کی ایک روزہ حاضری  معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ گرفتار رہنما شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن