اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایشیائی ترقیاتی بینک نے موسمیاتی تبدیلی کے سبب 2070 تک ترقی پذیر ممالک کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) 17 فیصد تک کم ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو نہ پایا گیا تو سن 2100 تک یہ نقصان بڑھ کر 41 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ بڑھتی ہوئی سمندری سطح اور گرتی ہوئی لیبر پروڈکٹیوٹی جیسے عوامل ان معاشی نقصانات کی بڑی وجوہات ہیں، ان وجوہات کے باعث کم آمدنی والے اور نازک معیشت والے ممالک زیادہ متاثر ہوں گے۔ اگر موسمیاتی تبدیلی کا سلسلہ جاری رہا تو 2070 تک 30 کروڑ افراد ساحلی سیلاب سے متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ اربوں ڈالر مالیت کے ساحلی اثاثے بھی تباہی کی زد میں آسکتے ہیں۔ اے ڈی بی کے سروے کے مطابق خطے کے 14 ممالک کے 91 فیصد افراد موسمیاتی تبدیلی کو سنجیدہ مسئلہ سمجھتے ہیں اور حکومتوں سے مزید اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔