اللہ کے ساتھ دوستی کر لو، مشکلات سے نجات مل جائے گی: مولانا نذر الرحمن، رائیونڈ اجتماع شروع

رائے ونڈ؍ سندر  (ایجنسیاں+ نامہ نگار)رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع شروع ہو گیا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات، 5لاکھ افراد کے قیام وطعام کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ امیر مولانا نذرالرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگیا۔ مولانا محمد ابراہیم دہلوی اور مولانا نذر الرحمان نے کہا کہ اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں، اللہ سے دوستی کرلو، ساری مشکلات سے نجات مل جائے گی۔ اپنی زبان کو قابو میں رکھو، مغفرت کے لئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچائو۔ خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچائو، معاشرہ سلجھ جائے گا، معاشرے میں امن قائم ہو جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ اپنے دلوں کو کدورتوں اور بغض سے پاک رکھو، اللہ کی رحمت نازل ہوگی۔ سارا اسلام، سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے، زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا۔ زندگی کا جتنا وقت حضور اکرم ﷺ کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا۔ دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو، زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں۔ اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کے ساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو جس سے تمہارا تن اور من صاف ہو جائے گا۔ مصائب اور آلام کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن