اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے پاسپورٹ کے حصول کے خواہش مند شہریوں کے لیے بڑی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے شناختی کارڈ ایڈریس کی شرط ختم کردی گئی ہے جس کے بعد اب شہری پاکستان کے کسی بھی شہر میں موجود پاسپورٹ آفس سے پاسپورٹ بنوا سکیں گے۔ پاسپورٹ رولز میں ترمیم کا مراسلہ علاقائی دفاترکو بھیج دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت شہریوں کو حدود کے دائرہ اختیار میں نرمی دی جائے گی۔ پاکستان کا کوئی بھی شہری کسی بھی شہر سے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایڈریس کی بنیاد پر پاسپورٹ بنانے کی سہولت سے انکار نہیں کیا جائے گا۔
پاسپورٹ بنوانے کیلئے شناختی کارڈ ایڈریس کی شرط ختم
Nov 01, 2024