اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پیپلز لیبر بیورو کے چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ نجکاری کے نام پر پی آئی اے کی بندر بانٹ نہیں ہونے دینگے۔ سنگل بولی پیپرا رولز کی بھی خلاف ورزی ہے، نجکاری کا فیصلہ کابینہ میں نہیں بلکہ مشترکہ مفادات کونسل میں ہونا چاہیئے۔ پی آئی اے نے گذشتہ سال نو ارب روپے کا خالص منافع کمایا ہے۔ مزید جہاز لیز پر لیکر پی آئی اے کا خسارہ مزیدکم اور ریونیو میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، ملک میں جس بھی شعبے کی نجکاری کی گئی وہ مافیا بن گیا۔ ملک بھر میںپی آئی اے سمیت تمام اداروں کی نجکاری کے خلاف ہفتہ وار احتجاج کریں گے۔ چوہدری منظور احمد نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میںپیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر ہدایت اللہ خان، طارق محمود چوہدری سیکرٹری جنرل پیپلز لیبر فیڈریشن آف پاکستان، سید نذر شاہ صدر پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
نجکاری کے نام پر پی آئی اے کی بندر بانٹ نہیں ہونے دیںگے: چوہدری منظور احمد
Nov 01, 2024