پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو ارکان اسمبلی سمیت خیبرپختونخوا کے 86 قیدیوں کو عدالتی حکم پر اٹک جیل سے رہا کردیا گیا۔جیل انتظامیہ کے مطابق رہا ہونے والے بیشتر قیدیوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں سے ہے۔جیل حکام کے مطابق اٹک جیل سے عدالتی حکم پر رہا کیے گئے قیدیوں میں پی ٹی آئی کے 2 ایم پی ایز انور زیب اور لیاقت خان بھی شامل ہیں۔اٹک جیل سے رہائی پانے والے 86 قیدیوں میں ریسکیو 1122 کے 46 اہلکار، پولیس کے 25 اور بلدیہ کے 13 اہلکار بھی شامل ہیں۔اسلام آباد میں ڈی چوک توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ضمانتیں منظور ہونے کے بعد ملزمان کو سنگ جانی میں ٹول پلازہ کے قریب پولیس وین پر حملے کے مقدمے میں پی ٹی آئی ایم پی ایز اور دیگر کو دوبارہ گرفتار کیا گیا۔قیدی وین پر حملے سے افسران کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر اسلام آباد پولیس کے 3 اے ایس آئی سمیت 13 پولیس اہلکار معطل کر دیے گئے تھے۔