وائٹ ہاؤس کے ذمے داران نے صدر جو بائیڈن کی چند روز پہلے کی گئی آن لائن گفتگو کے سرکاری متن میں ترمیم کر دی ہے۔ اس گفتگو میں بائیڈن سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ بات دو امریکی سرکاری عہدے داران اور ایک داخلی ای میل کے ذریعے جمعرات کے روز سامنے آئی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں ہفتے لاطینی کارکنان کو دیے گئے ایک بیان سے ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔ وہ کامیڈین ٹونی ہنچکلف کے ٹرمپ کے ایک انتخابی جلسے کے دوران میں دیے گئے نسل پرستانہ تبصرے پر جواب دے رہے تھے۔ ہنچکلف نے اپنے بیان میں امریکی جزیرے پورٹوریکو کے بارے میں کہا تھا کہ "یہ کچرے سے بھرا ایک تیرتا ہوا جزیرہ ہے"۔وائٹ ہاؤس کے سرکاری اسٹینوگرافروں نے جو متن تیار کیا تھا اس کے مطابق بائیڈن نے منگل کی شام لاطینی ووٹروں کے گروپ سے آن لائن وڈیو کال پر گفتگو میں کہا "مجھے وہاں تیرتا ہوا نظر آنے والا واحد کچرا اس کے حامی ہیں، اس کی لاطینیوں کو برا دکھانے کی کوشش نا قابل قبول ہے"۔تاہم وائٹ ہاؤس کے پریس آفس کی جانب سے جاری ترمیم شدہ متن میں لفظ supporters کے آخری s سے قبل apostrophe لگا دیا گیا۔ اس طرح لفظ کا ترجمہ 'حامیوں' (جمع) سے بدل کر 'حامی' (واحد) ہو گیا۔بائیڈن کے معاونین کا کہنا ہے کہ یہ لفظ کامیڈین ٹونی ہنچکلف پر تنقید کے لیے تھا نہ کہ ٹرمپ کی حمایت کرنے والے کروڑوں امریکیوں کے لیے !