مکرمی! میڈیا اس صدی کی ایسی طاقت بن چکا ہے جو ذہن سازی بھی کررہا ہے۔میں میڈیا سے ایک گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ اپنی آپس کی مقابلہ بازی اور بریکنگ نیوز(Breaking News) کی جلدی میں پاکستان کا امیج(Image) خراب نہ کریں۔ چینلز پر چلنے والی کرپشن کی خبریں، دہشتگردی کی خبریں، گھریلو ناچاکیاں اور جرائم پر میڈیا ہر وقت بات کرتا ہے جبکہ اگر ہم بھارتی میڈیا کو دیکھیں وہ اپنے ملک کی مثبت تصویر پیش کرتا ہے۔ بھارت میں بھی مسائل ہیں، وہاں بھی کرپشن بہت زیادہ ہے، وہاں پاکستان سے زیادہ غربت ہے، ممبئی جوئے اور کالے دھن کا اڈہ ہے۔ امرتسر میں سولہ گھنٹے لائٹ جاتی ہے بھارتی میڈیا نہیں بتاتا بلکہ انٹر نیٹ سے یہ خبر ملتی ہے۔ لوڈشیڈنگ کی خبریں چلانے سے یہ نقصان ہوتا ہے کہ بیرونی سرمایہ داراور کمپنیاں ہمارے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ انکے پاس بجلی ہی نہیں ہے۔ کیونکہ بھارتی میڈیا اپنی مثبت تصویر پیش کرتا ہے اس لئے تمام مسائل اور بحرانوں کے باوجود دنیا بھر میں بھارت کو معاشی طورپر پاکستان سے بہتر اور بڑی تیزی سے ملک میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے کے قابل سمجھا جاتا ہے۔ ہم اُس دن کے انتظار میں ہیں جب ہمارے نیوز چینلز پاکستانی ہونے کا ثبوت دینگے۔(حافظ محمد سعید بن نعمان لاہور)