لاہور(خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں انڈسٹری کی ترقی اور فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔گجرات کی شان الیکٹرک فین انڈسٹری کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے حکومت ہرممکن سہولت فراہم کرے گی وہ پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے سالانہ جنرل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین منظور سرور راٹھور کے علاوہ دیگر عہدیداروں اور سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 80 فیصد الیکٹرک انڈسٹری گجرات میں ہے جو قیمتی زرمبادلہ کما کر ملک کو دے رہی ہے، لاکھوں لوگوں کا روزگار اس صنعت سے وابستہ ہے، صنعت کی ترقی کیلئے ہمیں اعلیٰ معیار اور جدید ٹیکنالوجی دونوں پر بھرپور توجہ دینا ضروری ہے تاکہ ہم عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے گجرات میں 45 کروڑ روپے کی لاگت سے فین ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ بنایا جائے گا جس میں 25 کروڑ روپے کی بہترین انٹرنیشنل لیول کی لیب بھی شامل ہے۔ تقریب میں شیخ خاور رفیق، سید تجمل حسین، فیصل افضل، گل پرویز بٹ، منظور سرور راٹھور، ذوالفقار پپن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا اور فین انڈسٹری میں جدت، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں شیلڈیں اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
گجرات میں 45کروڑ کی لاگت سے فین ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ قائم ہو گا: پرویزالٰہی
Oct 01, 2012