سکردو (نامہ نگار+ این این آئی) وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت بجلی پر سالانہ ڈھائی سو ارب روپے سبسڈی دیتی ہے اگر یہ سبسڈی بند کر دی جائے تو صرف 5گھنٹے بجلی میسر ہو، بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے 8 ہزار میگاواٹ کے ہائیڈل منصوبوں پر کام جاری ہے جو 2020ءتک مکمل ہوں گے جس کے بعد فی یونٹ کی قیمت 5 روپے ہو گی۔ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجلی بحران کے ذمہ دار نوازشریف ہیں جنہوں نے تھرکول منصوبہ بند کرکے ملک دشمنی کا مظاہرہ کیا، یہ منصوبہ بند نہ ہوتا تو آج عوام کو سستی بجلی میسر ہوتی اور یہاں کارخانے لگ رہے ہوتے۔ اختر مینگل اور نوازشریف کے بیانات بلوچ عوام میں مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کرپشن کے عذاب کے خاتمہ کے لئے وزیر اعظم اور وزیر اعلی سے بات کر وں گا۔ سپریم کورٹ رینٹل پاور سمیت چھوٹے بڑے مسائل پر تو فوری ازخود نوٹس لیتی ہے لیکن ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی کے سبب ملک کو جو آج 40 فیصد بجلی کی کمی کا سامنا ہے اس کے خلاف سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیتی۔