ایل پی جی 5 روپے کلو مہنگی‘ پٹرول 6 روپے لٹر‘ سی این جی5.02 روپے کلو سستی

اسلام آباد / لاہور (خبرنگار + نیوز رپورٹر) حکومت نے پٹرول اور سی این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لٹر کمی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 40 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 95 پیسے کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ سی این جی ریجن ون جس میں خیبر پی کے، پوٹھوہار (راولپنڈی، اسلام آباد، گوجر خان) شامل ہیں میں 5 روپے 49 پیسے جبکہ ریجن ٹو جس میں سندھ اور پنجاب (پوٹھوہار ریجن کے علاوہ) شامل ہیں میں 5 روپے 2 پیسے فی کلو گرام کمی کی گئی ہے۔ سی این جی ریجن ون میں نئی قیمت 93.79 روپے جبکہ ریجن ٹو میں 85.68 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 102.45 روپے فی لٹر جبکہ مٹی کا تیل 101.23 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 113.16 روپے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 96.22 روپے مقرر کی گئی ہے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت 5 روپے فی کلو گرام بڑھا دی گئی ہے۔ جس سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60 ر وپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 240 روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ اوگرا قانون کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 3 اکتوبر سے ہو گا لیکن مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج سے ہی قیمت میں اضافہ کردیا۔ اضافے کے بعد کراچی، حیدر آباد میں ایل پی جی 115 روپے سے 120 ر وپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ یہاں پر گھریلو سلنڈر 1416 روپے کا ہو گیا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، ڈسکہ، فیصل آباد، جہلم، سیالکوٹ، دینہ، میرپور آزاد کشمیر 125 سے 130 روپے فی کلو گرام اور گھریلو سلنڈر 1534 روپے، راولپنڈی اسلام آباد، مری، مظفر آباد، سوات میں 145 سے 150 ر وپے فی کلو گرام اور گھریلو سلنڈر 1770 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، رحیم یار خان، پشاور، مانسہرہ میں 135 سے 140 روپے فی کلو گرام اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 1652 روپے ہو گئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹر بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا مارکیٹنگ کمپنیوں نے بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافہ کی آڑ میں آج سے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت پاکستان سے اپیل ہے ایل پی جی کی قیمت واپس لی جائے کیونکہ پاکستان میں ایل پی جی لوکل پیداوار ہے اور صرف 2 فیصد امپورٹ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور پر ایل پی جی پالیسی پر کام کیا جائے اور مارکیٹنگ کمپنیوں کی ناجائز منافع خوری پر ایکشن لیا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...