کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وائس چیئر مین اور رکن سندھ اسمبلی محمد ساجد جو کھیو کی صدارت میںکیٹل کالونی کے واجبات کی وصولی کے سلسلے میں اجلاس ہوا، جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ قطب الدین شیخ ،ڈی ایم ڈی ریو نیو محمداسلم خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ز عزیز مگسی اور دیگر افسران کے علاوہ کراچی ڈیری فارم ایسوسی ایشن کے صدر حاجی سکندر ناگوری،حکیم الدین نائب صدر اور شوکت مختار جنرل سیکرٹری نے بھی شرکت کی ،وائس چیئرمین نے کہا کہ اس وقت کیٹل کالونی میں بھینسوں کے باڑوں کے مالکان پر 70کروڑ روپے واجب الاد ا ہیں ،جن کی وجہ سے پانی کے کنکشنز منقطع کئے جاچکے ہیں لیکن باہمی تعاون کو مد نظر رکھتے ہوئے واٹر بورڈ ان صارفین کو آخری مرتبہ یہ سہولت فراہم کررہا ہے کہ وہ اپنے بلز 4اکتوبر تک لازمی ادا کردیں ،انہوں نے ایم ڈی واٹربورڈ سے کہا کہ کیٹل کالونی کے پانی کے کنکشنز مشروط بحال کردیئے جائیں ،اس موقع پرایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اس بات متفق ہیں کہ واٹر بورڈ کے بلز موصول ہونے پر 4اکتوبر تک ادا کردیئے جائیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر 4اکتوبر تک بھینس باڑوں کے مالکان نے ادائیگی نہ کی تو فوری طورپانی کے کنکشنز منقطع کردیئے جائیںگے۔