بدامنی کے مکمل خاتمے تک قبائلی علاقوں میں آپریشن جاری رہیگا: صدر ممنون

Oct 01, 2014

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار + اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے قدرتی آفات اور کسی ہنگامی صورتحال میں انجمن ہلال احمر پاکستان (پی آر سی ایس) کی انسانی ہمدردی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور ماضی قریب میں قدرتی آفات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور شدت کے پیش نظر انجمن ہلال احمر کا کردار اور بھی زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو چیئرمین پی آر سی ایس ڈاکٹر سعید الٰہی کی جانب سے امدادی کوششوں پر بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے پی آر سی ایس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ وہ ملک میں کسی بھی ہنگامی حالات سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے جدید سازوسامان کے ساتھ خود کو مزید آراستہ اور اپنی استعداد کار میں اضافہ کرے اور آزمائش کی گھڑی میں انسانیت کی خدمت کے لئے انسانی ہمدردی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کیا جائے۔ صدر ممنون حسین نے شمالی وزیرستان کے داخلی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے علاقے میں متاثرہ ڈھانچے کی تعمیرنو اور متاثرین کی جلد بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی شجاعت پر فخر ہے اور ان کی اپنے علاقوں میں امن و سلامتی کے ساتھ جلد واپسی کے لئے دعاگو ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ بد امنی کے مکمل خاتمے تک قبائلی علاقوں میں آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا ذمے دار پاکستان نہیں اور پاکستان واحد ملک ہے جو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند عناصر فاٹا کے کچھ لوگوں کو گمراہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں اب انتہا پسندوں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے عالمی برادری پاکستان سے تعاون کر ے۔ صدر نے کہا کہ آپریشن متاثرین کی بحالی کیلئے مزید منصوبے تشکیل دیئے جائیں، ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے میری ہر ممکن مدد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے موذی مرض سے ہمارے بچے متاثر ہو رہے ہیں اور انتہا پسندوں کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں پولیو مہم چلانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ صدر ممنون حسین نے عالمی برادری سے درخواست کی کہ عالمی برادری پاکستان پر پابندی لگانے کی بجائے ہمدردانہ رویہ اختیار کرے۔دریں اثناء صدر ممنون حسین سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل آصف سندھیلہ سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے چیف آف نیول سٹاف کی ملکی دفاع اور افواج پاکستان کیلئے ان کے خدمات کو سراہا،صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے چیف کیلئے آنے والی زندگی میں اچھی صحت،کامیابی اور خوشیوں کی دعا کی۔ ادھر نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ نے ائر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے ان کے آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے ایڈمرل آصف سندھیلہ کی پاکستانی دفاع کی مضبوطی اور تینوں افواج کے درمیان مشترکہ و مربوط حکمت عملی کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنے پر ان کی تعریف کی اور انہیں یادگاری تحفہ پیش کیا۔

مزیدخبریں