خانیوال‘ وہاڑی‘ میاں چنوں‘ وجھیانوالہ (خبر نگار‘ نامہ نگاروں سے) 50 کروڑ روپے کی ادائیگیاں نہ ہونے پر کسانوں نے احتجاج کرتے ہوئے کالونی شوگر ملز پر دھاوا بول دیا‘ توڑ پھوڑ کی‘ سامان اٹھا کر دفاتر سے باہر پھینک دیا۔ دفاتر پر قبضہ‘ بقایا جات کی ادائیگی تک دھرنا دینے کا اعلان‘ اس موقع پر کسان اتحاد کے میاں عمیر‘ چودھری افتخار احمد چودھری محمداکرم کمبوہ اور میاں سجاد نے کی مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ کسانوں کاشتکاروں نے گزشتہ سال کالونی شوگر ملز انتظامیہ کو تقریباً 50 کروڑ روپے مالیت کا گنا فروخت کیا جس پر ملز انتظامیہ کی جانب سے سی پی آر دی گئی ملز قانون کے مطابق جن کسانوں کاشتکاروں کو سی پی آر جاری ہوجائے انکو 15دنوں کے اندر رقم کی ادائیگی ہونا لازمی ہوتی ہے مگر ایک سال گزر گیا ابھی تک ملز انتظامیہ نے بقایا رقم کی ادائیگی نہیں کی۔ ملز انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہمارے گھروں میں فاقے پڑچکے ہیں اور بھوک سے ہمارے بچے نڈھال ہیں کہ اگر ہمارے بقایا جات نہ دیئے تو وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کریں گے۔
50 کروڑ کی ادائیگیاں نہ ہونے پر کسانوں کا احتجاج، شوگر ملز پر دھاوا
Oct 01, 2014