متاثرین شمالی وزیرستان جیسا پیکیج دیا جائے: فاٹا سے بے گھر ہونیوالوں کا مطالبہ

Oct 01, 2014

لندن (بی بی سی) پشاور میں گذشتہ دو مہینوں سے احتجاجی کیمپوں میں مقیم فاٹا سے بے گھر ہونے والے متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بھی شمالی وزیرستان کے متاثرین کے برابر خصوصی پیکیج دیا جائے کیونکہ وہ بھی حکومت ہی کے کہنے پر گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ یہ احتجاجی کیمپ پشاور پریس کلب کی عمارت کے قریب قائم کیا گیا ہے جہاں قبائلی ایجنسیوں کے وہ متاثرین احتجاج کر رہے ہیں جو جلوزئی پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہیں۔ کیمپ میں موجود تحریکِ متاثرینِ فاٹا کے چیئرمین اقبال آفریدی نے کہا کہ خیبر ایجنسی، باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں سے اس وقت ہزاروں افراد بے گھر ہوکر پناہ گزین کیمپوں یا اپنے طور پر کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان متاثرین کو یو این ایچ سی آر اور حکومت کی طرف سے جو خوراک دی جا رہی ہے وہ کھانے کے قابل نہیں۔ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو زیادہ سہولیات دی گئی ہیں اور ان کو نقد رقوم بھی دی جا رہی ہے اور گھروں کے کرائے بھی دیے جا رہے ہیں لیکن فاٹا کے دیگر علاقوں کے افراد کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اگر حکومت نے ان مطالبات تسلیم نہ کیے تو متاثرین عیدالاضحی بھی گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کر کے منائیں گے۔

مزیدخبریں